ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراعظم پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان گزشتہ روز سعودی عرب کے تین روزہ دورے سے واپس آئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی عرب میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے بعد سیاسی شخصیات کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی اس سلسلے میں وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم صاحب بتائے کہ سعودی عرب سے 19 ہزار چاولوں کے تھیلوں کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی ہے؟
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا دورہ سعودی عرب پر کیے جانے والے اخراجات اور سعودی عرب اس سے بطور زکوتہ حاصل ہونے والے 19 ہزار چاول کے تھیلوں کے درمیان موازنہ کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی بائیس سالہ جدوجہد ملک پاکستان کو زکوۃ کے چاولوں کے لائق بنانے کے لئے تھی؟ اگر ایسا ہے تو اللہ تعالی کسی شخص کو ایسی جدوجہد کی توفیق ہی نہ دے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم عمران خان سے حساب لے گی۔ وزیراعظم کے نوٹس لے کر بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کی تمام تر باتیں اور وعدے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ عمران خان صاحب کو علم ہی نہیں کہ ان کی تبدیلی کی سونامی نے ملک میں کیا تباہی برپا کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود تنخواہ دار طبقے کا گزارا تو تنخواہوں سے ہو جاتا ہے۔ وزیراعظم صاحب یہ بتائیں کہ انہوں نے دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے کونسی پالیسی کی بنیاد رکھی ہے؟ ان کا طنزیہ طور پر عمران خان کو کہنا تھا کہ عمران خان غریبوں پر رحم کرو۔