ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور دیگر ہم خیال اراکین کی جانب سے “جہانگیر ترین ہم خیال گروپ” تشکیل دے دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے اراکین سے حلف بھی لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے لاہور میں ماڈل ٹاؤن میں موجود اپنی رہائش گاہ پر پارٹی میں موجود ہم خیال اراکین کے اعزاز میں باقاعدہ عشائیہ دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جس میں پارٹی کے 31 ہم خیال اراکین کی جانب سے شرکت کی گئی تھی۔ اسی دوران جہانگیر ترین اور دیگر اراکین کی جانب سے ایک گروپ تشکیل دیا گیا جس کا نام “جہانگیر ترین ہم خیال گروپ” رکھا گیا ہے اور شمولیت اختیار کرنے والے اراکین سے حلف بھی لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گروپ تشکیل دینے کے بعد راجہ ریاض کو قومی اسمبلی اور سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں بطور گروپ سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر دیے گئے عشائیے میں متعدد ارکان نے شرکت نہیں کی ہے تاہم شرکت نہ کرنے والے ارکان کا نام ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ اس سلسلے میں گروپ ممبران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عشائیے میں متعدد ارکان کی نا آنے کی وجہ ان کی گھریلو مصروفیت ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ہم خیال گروپ بننے کے بعد جہانگیر ترین اور دیگر ارکان کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعہ کے روز بھرپور پاور شو کیا جائے گا۔