ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کی جانب سے ساتھیوں اور گارڈ سمیت دکاندار تشدد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسلم خان گزشتہ روز کراچی میں ایک موبائل مارکیٹ میں دکاندار پر تشدد کرتے ہوئے دکھائی دیے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کراچی کی صدر موبائل مارکیٹ میں پیش آیا۔ صدر موبائل مارکیٹ میں رکن قومی اسمبلی اسلم خان اور دکاندار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد قومی اسمبلی کے رکن اسلم خان نے موبائل شاپ میں موجود دکاندار کو تھپڑ جڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مارکیٹ میں موجود انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلم خان نامی رکن اسمبلی نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ ایم این اے اسلم خان کی جانب سے پہل کرتے ہوئے موبائل شاپ میں موجود دکاندار کو تھپڑ رسید کیا گیا۔ اور جب موبائل شاپ میں موجود دکاندار نے تھپڑ کا جواب دینے کے لیے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اسلم خان کے ساتھیوں اور گارڈز نے دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مارکیٹ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلم خان کی جانب پہلے دکاندار کو تھپڑ رسید کیا گیا اس کے بعد دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر پولیس بھی خود ہی بلا لی۔ مارکیٹ انتظامیہ نے کہا کہ اس پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آچکی ہے جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ معاملہ کی پہل کس نے کی اور کس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مارکیٹ میں ہونے والے اس پورے واقعے کے بعد رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے تھانہ پریڈی کا رخ کیا اور دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ دوسری طرف موبائل شاپ دکاندار بھی تھانے میں پہنچ گئے اور ان کے بیانات کو قلمد بند کرلیا گیا۔