ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دنیا میں موجود تمام مسلم ممالک اور دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے ممالک کے مسلم ممبران کو اہم ترین خط لکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے تمام مسلم ممالک اور دیگر ممالک کے مسلم ممبران کو اسلامو فوبیا کو روکنے اور اس کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے خط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں گزشتہ چند عرصہ میں رونما ہونے والے اسلامو فوبیا کے واقعات کے متعلق 100 سے زائد ممالک کے مسلم ممبران پارلیمنٹ کو آگاہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات مسلمانوں کے اندر شدید بے چینی پیدا کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ اسلاموفوبیا کے تمام تر واقعات کا رونما ہونا ہماری بدقسمتی ہے۔ اب چونکہ انسانیت کا کرونا جیسی مہلک وبا کے لحاظ سے آزمائشی دور چل رہا ہے تاہم اس آزمائشی دور میں بھی اسلاموفوبیا کی شکل میں نفرت انگیز جذبات کو ہوا دی جا رہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے خط میں لکھا گیا ہے کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اور دین اسلام کے خلاف مسلسل رجحان ذاتی اعتقادات پر حملے ہیں۔ دنیا بھر میں موجود رہنماؤں کے ذریعے ہر بات کہنے کی آزادی نے نفرت کو مزید بڑھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ مختلف تہذیبوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرکے انتہا پسندی اور شدت پسندی کے جذبات کو بھی ہوا دی جا رہی ہے۔ چارلی ہیبڈو کے واقعے کی وجہ سے تباہی میں شدید اضافہ ہوا۔ اسلامو فوبیا کے واقعات پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق صرف گزشتہ سال میں فرانس کے اندر اسلاموفوبیا میں 53 فیصد اضافے سے مسلمانوں پر 235 حملے کیے گے۔ جرمن میں 900 سے زیادہ مسلمانوں پر حملے دیکھے گئے۔ اس کے علاوہ سڈنی حملہ، کرائسٹ چرچ حملہ اور بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ نفرت آمیز سلوک کی ایک لمبی فہرست موجود ہے۔