ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے پتنگ بازوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پیش آنے والے واقعے کو سامنے رکھتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے متعلق بنائے گئے قوانین پر موثر انداز میں عمل درآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے گوجرانوالہ میں پتنگ بازی کے دوران پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک شخص کے انتقال پر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پتنگ بازی ایک خطرناک جرم ہے اس کو روکنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل میں قیمتی انسانوں کی جان کا ضیاع ہوتا ہے۔ پتنگ بازی کے خوفناک کھیل سے لوگوں کے انتقال کرنے کی اصل وجہ پولیس کی مجرمانہ غفلت ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے پولیس حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام پولیس اہلکار پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے مؤثر طریقوں سے اپنے فرائض کو سرانجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی کے خلاف بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ پورے پاکستان بالخصوص پنجاب میں ہر سال پتنگ بازی خطرناک کھیل کے دوران کئی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے ہر سال پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جاتا ہے تاہم پتنگ بازی کی وجہ سےکئی جگہوں پر ناخوشگوار واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ پتنگ بازوں کو پکڑنے کے بعد ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔