ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے پی پی 84 کا انتخابی معرکہ اپنے نام کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز خوشاب میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پی پی 84 خوشاب میں جاری کیے جانے والے انتخابی نتائج میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے ملک معظم کلو 71 ہزار 84 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضمنی الیکشن خوشاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکومتی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین خان 62 ہزار 903 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق کے پی پی 84 کی یہ نشست مسلم لیگ نواز کے ایم پی اے وارث کلو کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ نواز کو ووٹ ڈال کر آٹا اور چینی چور مافیاز کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے بھی اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ عوام نے نوازشریف کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیانیے کی تائید کی ہے اور یہ کامیابی عوام کے حق حکمرانی کی کامیابی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی پی 84 میں ووٹنگ کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی ناخوشگوار صورت حال پیدا نہیں ہوئی تاہم ووٹنگ کے دوران کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی نظر آتی رہی۔ لیگی رہنما عطا تارڑ کو بغیر ماسک کے کئی بار دیکھا گیا۔