ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن کی مارکیٹ میں ایک سنار کی دکان سے 10 کلو سونا چوری ہو گیا تھا تاہم کیس کی تحقیقات کے بعد آج بہت بڑا سچ سامنے آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن کی مارکیٹ سے ایک سنار کی دکان سے دس کلو سونا چوری ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔ پولیس کی جانب سے واردات کی خبر ملنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات ہونے والی دکان اور پندرہ مزید دکانوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھیں اور مارکیٹ کے 23 افراد سے پوچھ گچھ کی جانے کے بعد پندرہ افراد پر شک ہونے کی وجہ سے ان کے کال ریکارڈ کو بھی چیک کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران پولیس کو کیس درج کروانے والے دکان کے مالک محمد آصف پر شک ہوا۔ دکان کے مالک اور مدعی کی جانب سے تفتیش کے دوران یہ بات مان لی گئی کہ اس نے دکان میں 10 کلو سونا چوری ہونے کا ڈرامہ رچایا تھا جس میں اس کا ایک دوست بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے دونوں مجرمان کو حراست میں لینے کے بعد سونے کے متعلق تفتیش کی تو انہوں نے بتایا کہ سونا فلاں جگہ پر موجود ہے پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کر تین کلو سونا اپنی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق جب ملزمان سے سونے کے چوری ہونے کا ڈرامہ رچانے کے متعلق پوچھا گیا تو دکان کے مالک محمد آصف کا کہنا تھا کہ اس پر 80 لاکھ روپے کا قرض چڑھا ہوا ہے اس قرض سے بچنے کے لیے اس نے سونا چوری ہونے کا ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چھپایا گیا سونا صرف تین کلو تھا جبکہ دکان کے مالک کی جانب سے دس کلو سونا چوری ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔