ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان آج سعودی ولی عہد کے دعوت نامہ پر عمل کرتے ہوئے تین روزہ دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج تین دن روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں جا رہے ہیں جہاں وزیراعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد اور دیگر اہم سعودی شخصیات سے ملاقات طے ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد کے طور پر سفر کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید ، گورنر سندھ اور گورنر کے پی کے بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روزہ دورے میں وزیراعظم پاکستان عمران خان وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور پھر دیگر اہم سعودی شخصیات کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے دورے پر بات کرتے ہوۓ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اپنے تین روزہ دورہ کی مصروفیات میں سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات کے ساتھ ساتھ اہم یادداشتوں کے دستاویزات پر دستخط بھی کیے جائیں گے اور دیگر اہم سعودی شخصیات سے ملاقات بھی ہوگی۔
معاون خصوصی شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کل انشاءاللہ اور روضہ رسول پر حاضری دینگے اور اتوار کے دن عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلی فون کر کے سعودی عرب دورے کی دعوت دے دی تھی۔ جس پر عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد کی دعوت کو قبول کر لیا گیا تھا۔ ٹیلی فونک رابطہ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبے گرین سعودی اقدام کی تعریف بھی کی تھی اور پاکستان کی جانب سے شروع کیے جانے والا منصوبہ 10 ملین ٹری سونامی کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے منصوبے ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے اور ایکو سسٹم کو بہتر کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔