ذرائع کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کروایا جائے گا۔ اس اجلاس میں پورے ملک سے شوال کا چاند دیکھنے پر شہادتیں لی جائیگی اور عید الفطر کے متعلق اہم اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج آنے والے بدھ کے روز 29 رمضان المبارک کے دن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عید کا چاند دیکھنے کی غرض سے رویت ہلال کمیٹی کی صدارت رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ مولانا سید عبد الخبیر آزاد 29 رمضان المبارک کی شام پورے ملک سے شوال کے چاند کے متعلق شہادتیں اکٹھی کریں گے اور نتیجتا عید الفطر منانے کے متعلق اہم اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی طرف سے شوال کے چاند کے متعلق اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش بارہ مئی کو رات بارہ بجے کے بعد ہوگی جس کے باعث بدھ والے دن شوال کے چاند کے دیکھنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین سید عبدالخبیر آزاد کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی اتحاد اور وحدت کا ایک عظیم مرکز ہوتا ہے لہذا تمام تر میڈیا اور اخبار رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بغیر چاند دیکھنے کی خبروں سے اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے چاند کے دیکھنے کے متعلق کوئی بھی پیشن گوئی اور خبروں سے اجتناب کیا جائے۔ رویت ہلال کمیٹی پر اعتماد اور یقین رکھا جائے جس طرح رمضان المبارک کا اعلان پورے ملک میں ایک ساتھ کیا گیا تھا اسی طرح عید الفطر کے متعلق بھی اعلان پورے ملک میں ایک ساتھ ہی کیا جائے گا۔