ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے صدر مسلم لیگ نواز میاں محمد شہباز شریف کا نام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے ہیڈ کوارٹر کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں محمد شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے نیب لاہور نے ڈی جی آپریشنز نیب ہیڈ کوارٹر کے نام خط لکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور کی جانب سے ڈی جی آپریشنز ہیڈکوارٹر کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے 28 اپریل کو خط لکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت دے دی گئی جس کی وجہ سے نیب لاہور نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے ہیڈکواٹر کو خط لکھا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں نیب لاہور کی جانب سے ابھی تک وزارت داخلہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل میاں محمد شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرانے پر ضمانت دے دی گئی تھی اور بیماری کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے جمعے کو کہا گیا تھا کہ میں کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا ہو جس کا سال میں دو بار چیک اپ کروانا پڑتا ہے جس پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے شہباز شریف کو دو ماہ کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو بیرون ملک سفر کرنے کے لئے ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے اہلکاروں کی جانب سے روک دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ابھی تک آپ کے اوپر لگے ہوئے چارجز کو نہیں اٹھایا گیا ہے اور ہمیں آپ کے بیرون ملک جانے کے متعلق کوئی حکم نہیں ملا ہے۔