انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پوری دنیا کے دباؤ کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ہونے والی جنگ کو روک کر جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کے مابین 11دنوں کے فضائی حملوں، بمباری، ہلاکتوں اور شہادتوں کے بعد آج سے جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق صبح چار بجے سے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کرنا شروع کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصری وفود کو جنگ بندی کے معاملے پر نگرانی کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ جنگ بندی کے معاملے پر نگرانی کرنے کے لیے مصر کے دو وفود اسرائیل اور فلسطین کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان امریکہ کے شدید دباؤ کے باعث کیا گیا ہے تاہم اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کی جانب سے غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسرائیل کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ گیارہ روز کی بمباری فضائی حملوں کے بعد اس کو غزہ میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
تاہم بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حماس اور غزہ کے بیشتر افراد کی جانب سے جنگ بندی کے بعد جیت کا جشن منایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین پر اسرائیل کی جانب سے برسائے گئے فضائی حملے اور بمباری کے نتیجے میں دو سو چالیس سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ زخمیوں کی تعداد انیس سو ہو چکی ہے۔ شہید ہونے والے افراد میں بچوں کی تعداد 65 ہے۔