ذرائع کے مطابق این سی او سی کی جانب سے بھارت سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال اور تباہ کاریوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اب بھارت سے کوئی بھی مسافر پاکستان نہیں آئے گا۔ بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے صورتحال بہت ہی خوفناک ہو چکی ہے ایک ہی دن میں بھارت کے اندر 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ این سی او سی کا وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت میں اجلاس ہوا۔ جس میں پاکستان کے اندر کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس کے سدباب کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں موجود ممبران کو بھارت کے اندر پائے جانے والے کرونا وائرس کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ این سی او سی کے اجلاس میں بھارت کو کرونا وائرس میں شدت کی وجہ سے کیٹیگری سی میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا اور بھارت کیٹگری سی میں دو ہفتے تک رہے گا۔
این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی ساختہ کرونا وائرس کی وجہ سے بھارت سے تمام طرح کے فضائی رابطے اور زمینی رابطہ ختم کیے جا رہے ہیں۔ کسی بھی مسافر کو فضائی راستے یا زمینی راستے سے پاکستان میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس وقت بھارت میں موجود کرونا وائرس شدت اختیار کر چکا ہے۔ کرونا وائرس کی شرح میں اتنا اضافہ ہوچکا ہے کہ ایک ہی دن میں دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہی دن میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کی تعداد 1500 سے زائد ہے۔