ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے پنجاب میں ویکسینیشن سینٹرز اور عملے میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے پنجاب بھر میں ویکسینیشن سینٹرز اور عملے کی تعداد کو دگنا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر 80 ہزار افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ نجی سیکٹر میں چالیس وینٹی لیٹرز اور 400 بستروں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وزیر صحت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کو کنٹرول کرنے کے لئے پنجاب کے تمام اداروں کی جانب سے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ وہ علاقے جہاں کرونا وائرس کے مثبت کیسیز میں شدید اضافہ ہوا ہے وہاں مزید پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے صوبہ بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے پنجاب کی عوام کو کرونا وائرس سے بچانے کے لئے ویکسی نیشن سنٹرز اور اس پر کام کرنے والے عملے کو دگنا کیا جارہا ہے۔
وزیر صحت پنجاب کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر پورے صوبے میں عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی صحت اور زندگی حکومت پاکستان کے لیے سب سے اہم ہیں اور ان کا خیال رکھنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہیں۔ حکومت پنجاب کورونا وائرسکی مشکل گھڑی میں عوام کے لیے مزید سہولیات پیدا کر رہی ہے۔