ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کم لاگت میں سستے گھروں کی تعمیر کے لئے پنجاب کے مختلف شہروں کے 133 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے رائیونڈ میں پرائم منسٹر آفورڈایبل ہاؤسنگ پروجیکٹ کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بہت سے شہروں میں اس پروجیکٹ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ ان شہروں میں خانیوال، منڈی بہاوالدین, چونیاں، ملتان، میانوالی، خوشاب، چنیوٹ، سرگودھا ، رائیونڈ اور ڈی جی خان شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں کم لاگت سے گھر بنانے کے لیے پنجاب کے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 26 تحصیلوں میں 32 مقامات پر دس ہزار ایک سو بیس گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ تمام گھر ساڑھے تین مرلے پر مشتمل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کے انفراسٹرکچر کو سامنے رکھتے ہوئے تین ارب روپے کی منظوری ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی کے بعد 14 لاکھ روپے کا گھر صرف گیارہ لاکھ روپے میں دیا جائے گا جب کے بینک آف پنجاب دس لاکھ روپے تک کے قرضے بھی فراہم کرے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں غریب عوام کے لئے سستی رہائش گاہیں فراہم کرنے کا کام جہاد کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب اور دیگر صوبوں میں کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کر چکی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پورے پاکستان میں موجود نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لئے قرضے فراہم کیے جائیں گے جس سے وہ اپنا بزنس یا کوئی کام شروع کر سکیں گے۔