ذرائع کے مطابق سال 2020 میں لیا جانے والا سی ایس ایس کے امتحان کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد دو فیصد سے بھی کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2020 کے سی ایس ایس کے امتحان کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ نتائج کے مطابق پاس ہونے والے امیدواروں کی تعداد دو فیصد سے بھی کم ہے۔ سال 2020 میں سی ایس ایس پاس کرنے والوں کی تعداد ایک اعشاریہ 96 فیصد رہی۔
ذرائع کے مطابق سال 2020 میں سی ایس ایس کے امتحان کے لیے اپلائی کرنے والے امیدواروں کی تعداد 18553 تھی تاہم مقابلے کے امتحان کے تحریری مرحلے میں فیل ہونے والے امیدواروں کی تعداد 18177 رہی۔ مجموعی طور پر 376 امیدوار ہی مقابلے کے امتحان سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کر پائے۔
ذرائع کے مطابق سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کرنے والے 376 امیدواروں میں سے 221 امیدوار ہی انٹرویو کو کلیئر کر پائے ہیں۔
واضح رہے کہ سی ایس ایس یعنی سینٹرل سپیریئر سروسز مقابلے کا امتحان ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے فیڈرل سروس کمیشن ادارے کے ذریعے سی ایس ایس کا امتحان منعقد کروایا جاتا ہے۔ جس میں کامیاب ہونے والے امیدوار گریڈ 17 کے افسران بن کر قوم کی خدمت کرتے ہیں۔ سنٹرل سپیریئر سروسز کا امتحان سال میں ایک دفعہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں نہایت ہی قابل اور نہایت مستقل مزاج امیدواروں کو بیوروکریسی میں شامل کرنے کے لیے سلیکٹ کیا جاتا ہے۔ سینٹرل سپیریئر سروس کے امتحان کے لیے ہر سال دسمبر میں اس کے فارم بھر کے جمع کروائے جاتے ہیں۔ فارم جمع کروانے کے تین ماہ کے اندر امیدوار کو سلپ فراہم کردی جاتی ہے اور اپریل کے مہینے میں امتحانات کو منعقد کیا جاتا ہے۔ سی ایس ایس کا امتحان دینے کے لئے آپ کی عمر 21 سے 30 سال تک ہونی چاہیے اور کم سے کم گریجویشن کی سیکنڈ کلاس کی ڈگری رکھنے والے افراد اس امتحان کے اہل سمجھے جاتے ہیں۔