فلسطین: اسرائیل نے راکٹ حملہ کر کے گیارہ منزلہ میڈیا ہاؤس تباہ کردیا

فلسطین: اسرائیل نے راکٹ حملہ کر کے گیارہ منزلہ میڈیا ہاؤس تباہ کردیا

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جاری میزائل حملوں کے دوران راکٹ حملہ کر کے صحافیوں کے زیراستعمال گیارہ منزلہ بلڈنگ کو گرا کر تباہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ادارہ العربیہ نیوز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کلپ جاری کیا گیا ہے جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بڑی بلڈنگ اسرائیل کے راکٹ حملے سے زمین دوز ہو رہی ہے۔ انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری تشدد اور ظلم کی کوریج کو روکنے کے لیے گیارہ منزلہ میڈیا ہاؤس کو تباہ کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گیارہ منزلہ میڈیا ہاؤس کو خالی کرنے کی وارننگ دی گئی اور چند منٹ کے بعد راکٹ حملہ کرکے میڈیا ہاؤس کی بلڈنگ کو تباہ کردیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس 11 منزلہ عمارت میں مشہور قطری نیوز چینل الجزیرہ سمیت کئی میڈیا کے دفاتر موجود تھے اور بہت سے صحافی اس بلڈنگ میں رہائش اختیار کیے ہوئے تھے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے پناہ گزینوں کے کیمپوں کو لگاتار چھٹے دن بھی راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ جس کی وجہ سے سات بچے اور دو عورتوں سمیت گیارہ افراد نے جام شہادت نوش کیا جب کے بہت سارے افراد ملبے تلے دب چکے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

اسرائیل کے فلسطین پر راکٹ حملوں کے دوران اب تک 140افراد شہادت کا جام نوش کر چکے ہیں جن میں سے بچوں کی تعداد 36 ہے۔ اسرائیل کے راکٹ حملوں کی وجہ سے نو سو بیس افراد زخمی حالت میں موجود ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کی وجہ سے شہادتوں میں مزید اضافے کا خدشہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے اتنا زیادہ ظلم وستم تشدد اور متعدد فلسطینیوں کے شہادت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھی قوام متحدہ اور عالمی برادری کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *