ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی طرف سے جاری کر دہ بیان کی تردید کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے گزشتہ ہفتے بیان جاری کیا گیا تھا کہ پاکستان کی طرف سے امریکی فوج کو افغانستان میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے فضائی حدود اور زمین استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے اس بیان کو یکسر مسترد کر دیا گیا ہے اور تردید اسکی کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی فوج یا ایئر بیس کے متعلق کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کوئی امریکی فوجی ایئربیس موجود نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بھی تجویز نہ کبھی زیرغور تھی اور نہ ہی ہے۔ پاکستان میں امریکی فوجی ایئربیس ہونے کے متعلق تمام باتیں بے بنیاد ہیں اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے پاکستان میں امریکی فوج کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اس بات کا دعوی انڈو پیسیفک افیئرز کے لیے منتخب کیے گئے امریکی نائب دفاع ڈیوڈ ایف ہیلوے کی جانب سے گزشتہ ہفتے امریکی آرمڈ سروسز کو بریفنگ کے دوران کیا گیا تھا۔
امریکی نائب وزیر دفاع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ اپنے تعلقات اور مذاکرات جاری رکھے گا کیوں کہ وہ افغانستان میں امن قائم کرنے میں پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے۔