ذرائع کے مطابق کراچی میں موجود اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عید کے موقع پر ملک بھر میں اے ٹی ایم مشین سے نکالی گئی رقم کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے اور عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران اسپیشل اے ٹی ایم مانیٹرنگ کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ رمضان المبارک میں اے ٹی ایم مشین سروسز 96.5 فیصد رہیں جو کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بڑھ کر اٹھانوے فیصد ہو گئیں تھیں۔
سوشل میڈیا کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹر پر پیغام میں بتایا گیا ہے کہ عوام کی جانب سے رمضان المبارک اور عید کی چھٹیوں کے دوران کی جانے والی اے ٹی ایم ٹرانزیکشن کی تعداد 6 کروڑ 32 لاکھ ریکارڈ ہوئی ہے۔ ان ٹرانزیکشنز کے دوران اے ٹی ایم مشین سے نکالی گئی رقم 827 ارب روپے بنتی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق صرف عید کے موقع پر اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز کی تعداد 1 کروڑ 16 لاکھ رہی جب کہ عید کی چھٹیوں کے دوران اے ٹی ایم مشین سے نکالی گئی رقم 137 ارب 80 کروڑ روپے بنتی ہے۔