ذرائع کے مطابق کراچی میں تعینات نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) کے ڈائریکٹر جنرل کو وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات پر عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید کی جانب سے کراچی میں نادرا کے ڈائریکٹر جنرل عجم خان درانی کو غیر ملکیوں کے لیے شناختی کارڈ کے اجرا ء کے الزامات ثابت ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی عجم خان درانی کو فوری طور پر کراچی میں چار چھوڑنے کے بعد ہیڈ کوارٹر میں بطور خصوصی ڈیوٹی آفیسر کے عہدے کو سنبھال کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی جانب سے عجم خان درانی کو ڈی جی نادرا کراچی عہدے کو چھوڑنے اور نیا عہدہ سنبھالنے کے متعلق نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عجم خان درانی 2018 میں بطور ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی تعینات کیے گئے تھے۔ اس عہدے پر عجم خان درانی کی جانب سے تین سال دو ماہ تک اپنی خدمات مہیا کی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز پہلے شیخ رشید کراچی پہنچے تھے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے کہا گیا تھا کہ نادرا محکمہ میں کرپشن کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔