ذرائع کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر حملہ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ سے فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان فضائی حملوں میں ایک اسرائیل کا ایک باشندہ ہلاک جبکہ بہت سی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دارالحکومت میں راکٹ سے کیے گئے حملے کے فورا بعد سائرن بجا کر عوام کو ہوشیار کر دیا گیا تھا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ اس نے اسرائیلی دارالحکومت پر 130 میزائل داغے ہیں۔ جس پر اسرائیلی وزیراعظم کا ردعمل سامنے آیا ہے کہ حماس تنظیم کو اس حملے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے اسرائیل پر ایک ہزار سے زائد راکٹ داغے گئے ہیں۔ ان میں سے آٹھ سو راکٹ اسرائیل کے علاقے میں گرے جہاں ایئر ڈیفنس سسٹم کی مدد سے انہیں ناکارہ بنا دیا گیا اور باقی کے دو سو راکٹ غزہ میں گرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قبل اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ پر راکٹ سے حملے کیے گئے جس کی وجہ سے نو بچوں سمیت 28 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔ فلسطینی بچوں کے قتل پر اسرائیلی فورسز کو پوری دنیا کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ مبارک کے دن اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد الاقصی میں گھس کر نمازیوں کو ظلم اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے دو سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔