ذرائع کے مطابق پاکستان نے کورونا سے بچاؤ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوۓ کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت قومی صحت کی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرنوشین حامد کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی ہے،کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں، 2ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہو گا، حکومت متوقع ویکسین کی ملک میں بروقت دستیابی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کیلئے کورونا ویکسین کی بکنگ کی تجویز دی تھی، جس کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کا کہا گیا تھا،پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اورضعیف شہریوں کیلئے ویکسین بکنگ کی تجویز دی گئی تھی۔