ذرائع کے مطابق بیرون ملک جانے کے لیے کرونا وائرس کے لئے کروائے گئے ٹیسٹ کے جعلی سرٹیفکیٹ جمع کروانے پر 22 مسافروں کو پکڑ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے کے لیے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی آنے والے مسافروں کو مبینہ طور پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے جعلی سرٹیفکیٹ بنانے پر محکمہ صحت سندھ کی جانب سے پکڑ لیا گیا ہے اور سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود محکمہ صحت سندھ کے عملے کی جانب سے کرونا ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹس چیک کیے جارہے تھے۔ چیکنگ کے دوران 22 مسافروں کے کرونا سرٹیفکیٹس جعلی نکلنے پر انہیں پکڑ لیا گیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ 22 مسافر غیر ملکی پرواز پر سفر کرکے دبئی جانا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق زیادہ تر مسافروں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے غیر ملکی پرواز کی انتظامیہ نے پرواز کو آف لوڈ کردیا اور سفر کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے جعلی کرونا سرٹیفیکیٹ کی مد میں پکڑے گئے 22 مسافروں کو ایف آئی اے ایمیگریشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ان مسافروں کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کچھ مسافروں کو جعلی کرونا سرٹیفیکیٹ بنانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایسوسی ایشن کی جانب سے 3 مسافروں کو جعلی کرونا سرٹیفیکیٹ بنانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں مسافر نجی پرواز کے ذریعے پشاور سے دبئی جانا چاہتے تھے۔