ذرائع کے مطابق فرخ حبیب کی جانب سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کا حلف اٹھا لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایوان صدر میں فرخ حبیب کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ صدر مملکت پاکستان عارف علوی کی جانب سے فرخ حبیب سے حلف لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایک دن پہلے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو کابینہ میں شامل کر کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا تھا۔ اس خبر کی تصدیق رکن قومی اسمبلی فواد چوہدری کی جانب سے فرخ حبیب کو مبارکباد دیتے ہوئے کی گئی۔
یاد رہے کہ فرخ حبیب عام الیکشن میں حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں کامیابی حاصل کرکے قومی اسمبلی کے رکن کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کابینہ میں ردوبدل کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران کے اس ردوبدل میں سابق وزیرخزانہ حماد اظہر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر شوکت ترین کو وفاقی وزیر برائے خزانہ بنا دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر فواد چوہدری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت لے کر شبلی فراز کو سونپ دی گئی تھی اور فواد چوہدری کو وزیر اطلاعات بنا دیا گیا تھا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے کئی بار وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی گئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان حالات کو سامنے رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کرتے رہتے ہیں۔