مڈل آرڈر مشکلات کا شکار ہے، کپتان نے ہارنے کی وجہ بیان کردی

مڈل آرڈر مشکلات کا شکار ہے، کپتان نے ہارنے کی وجہ بیان کردی

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے گزشتہ روز ساؤتھ افریقہ کے خلاف چار میچوں کی سریز میں سے دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہارنے کی وجہ بتا دی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساؤتھ افریقہ سے دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہارنے کے بعد کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو شائع کی گئی جس میں بابر اعظم نے دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ہارنے کی وجوہات بتائیں اور اگلے ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کے لئے اپنا منصوبہ واضح کیا۔

ویڈیو میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہماری ٹیم کے لیے دن اچھا نہیں تھا، جلد وکٹیں گرنے کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا جس کی وجہ سے ہماری ٹیم مومنٹم کھو بیٹھی تھی۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میری اور محمد حفیظ کی پارٹنرشپ بھی زیادہ لمبی نہیں چل سکی۔ یہ بات درست ہے کہ ہماری ٹیم میں مڈل آرڈر جدوجہد کر رہی ہے لیکن ابھی یہاں دو ٹی ٹوئنٹی میچز اور پھر زمبابوے کے ساتھ بھی میچز کھیلنے ہیں۔ ان میچز میں مڈل آرڈر کو بہتر کرنے کے لیے مختلف کمبینیشن کو آزمایا جائے گا تاکہ انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایک بہتر مڈل آرڈر کو تشکیل دیا جا سکے۔

جنوبی افریقہ کے ساتھ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے متعلق کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ برا دن گزر چکا ہے، منفی چیزوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے مثبت پہلوؤں کے ساتھ میدان میں کھیلنے کے لئے اتریں گے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہوگی کہ ایک بار پھر سیریز میں برتری حاصل کر لی جائے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مجھے اپنی ٹیم پر مکمل یقین ہے ہم اگلے میچ میں بہتر پرفارم کریں گے۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کا کریڈٹ جنوبی افریقہ کو بھی دینا چاہیے جنہوں نے مختلف پیچ پر بہت اچھی بولنگ کی۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *